مسائل کو حل کرنے کے لیے پارلیمنٹ ہی بہترین فورم ہے: آصف علی زردار ی

DSC_0207
DSC_0175

شریک چیئرمین آصف علی زردار ی نے گجرانوالہ میں آج سابق اراکین قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی ،پارٹی عہدیداروں،ٹکٹ ہولڈرز، ضلعی صدور، سیکریٹر ی جنرل اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مسائل کو حل کرنے کے لیے سب کو مل جل کر کام کرنا ہو گا اور جو بھی پالیسی بنائی جائے اسکی سب کو آنرشپ لینا ہو گی کیونکہ کوئی اکیلی سیاسی جماعت ان مسائل کو حل نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جسطرح قوم نے چین کے ساتھ تعلقات کی آنر شپ لی تھی اسی طرح ملکی مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ایسی حکمت عملی تشکیل دینا ہو گی جس کو عوام کی بھرپور تائید ار حمایت حاصل ہو۔ شریک چیئرمین نے اپنی تقریر میں مزید کہا کہ مسائل کو حل کرنے کے لیے پارلیمنٹ ہی بہترین فورم ہے جہاں پر اپوزیشن کو اپنا نقطہ نظر بہترین طریقے سے پیش کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کو حل کرنے کے لیے محاذ آرائی کی سیاست سے اجتناب کرنا چاہیے اور مفاہمت کی پالیسی کو اپنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مخالف سیاسی جماعتیں ہم سے رابطہ کریں اور ہم پوری کوشش کریں گے کہ انکی شکایات کا ازالہ پرامن طریقے سے ہوسکے۔ شریک چیئرمین نے کہا کہ انہوں نے اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو دئیے تاکہ پارلیمنٹ مضبوط ہو جس سے جمہوریت مضبوط ہوئی۔ اس سے پہلے صدر پیپلز پارٹی پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے اپنے خطاب میں شریک چےئرمین آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا کہ وہ صوبہ پنجاب میں قیام کرنے آئے ہیں اور وہ دورے پر نہیں آئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران وہ پنجاب کے ہر ضلع کے ٹکٹ ہولڈرز، ضلعی صدور اور کارکنوں سے ملیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکی شروعات گجرانوالہ سے ہوئی ہے۔ میاں منظور احمد وٹو نے اس پر شریک چےئرمین کا پیپلز پارٹی پنجاب اور اپنی طرف سے دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گجرانوالہ کی پیپلز پارٹی اس ڈویثرن کو پیپلز پارٹی کا گڑھ بنائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری کی سیاست کو دانشور اور سیاسی تجزیہ نگاردوررس سیاست سے تابیر کر رہے ہیں جس سے ملک میں جمہوریت کا تسلسل اور فروغ یقینی ہو گا۔
میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے تدبر اور سیاسی فہم و فراست کی بدولت جمہوریت ملک میں مضبوط ہوئی ہے اور انکا نام پاکستان کی جمہوری تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شریک چےئرمین ایسے سیاستدان ہیں جنہوں نے قومی سیاست کو ترحیح دی ہے اور وہ اسوقت قومی سیاست کر رہے ہیں۔ سٹیج سیکریٹری کے فرائض سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی پنجاب تنویر اشرف کائرہ نے ادا کئے۔صدر میاں منظور احمد وٹو کے ہمراہ سینےئر وائس پریذیڈنٹ سہیل ملک بھی گجرانوالہ آج گئے تھے۔

کیٹاگری میں : News

اپنا تبصرہ بھیجیں